این اے 127 لاہور، بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاہور کے حلقہ این اے 127 کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کر دیا گیا۔
لاہور کے شہری محمد ایاز نے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخواست ریٹرننگ افسر کو جمع کرا دی۔ درخواست کے متن کے مطابق بلاول بھٹو نے کاغذات نامزدگی میں پی پی پی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پی پی پی پارلیمنٹرینز الگ الگ جماعتیں ہیں۔ پی پی پی کا انتخابی نشان تلوار جبکہ پی پی پی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے۔
لاہور کی سیٹ کیلئے دائر درخواست پر جمع کرائے گئے اعتراض میں مزید کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین جبکہ آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز كے صدر ہیں۔
شہری محمد ایاز کی درخواست میں الیکشن ایکٹ 2017ء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہو سکتا ہے لہذا یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو کی جائَ گی۔

مزید پڑھیں:  یروشلم پوسٹ نے عمران خان کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیدیا