سرکاری سکولوں میں سپورٹس ٹورنامنٹس ، آمدن و اخراجات کی تفصیلات طلب

ویب ڈیسک: محکمہ ابتدائی، ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے سرکاری سکولوں کے طلبہ کے سالانہ سپورٹس ٹورنامنٹس برائے سال 2023ء کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
متعلقہ ایجوکیشن افسران کو سپورٹس ٹورنامنٹس سے ہونی والی مجموعی آمدن اور اخراجات کا تخمینہ دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ابتدائی تعلیم کی جانب سے صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو سپورٹس ٹورنامنٹ برائے سال 2023 کی مکمل مالی اور کھیلوں کے حوالے سے رپورٹ تیار کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
سپورٹس ٹورنامنٹس پر اٹھنے والے اخراجات اور آمدن کا تخمینہ بھی مانگا گیا ہے۔ مراسلہ کے مطابق آمدن اور اخراجات سے متعلق تمام رسیدیں ثبوتوں کے ساتھ ریکارڈ میں شامل کرنے اور اس کی متعلقہ ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ڈی ای اوز سپورٹس سے تصدیق کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے جاری مراسلہ میں ایجوکیشن افسران کو تین دن میں یہ تمام معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری ،14فلسطینی شہید