بجلی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان، پلان تیار

ویب ڈیسک: بجلی کی قیمت میں بڑا اضافہ ہونے کے بعد حکومت نے عوام پر ایک اور بجلی گرا دی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا بھی امکان ہے اور اس کیلئے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اضافہ 15 دن کیلئَے کیا جائیگا۔
اس اضافے کیلئے پلان تیار کرلیا گیا ہے جس کے مطابق پٹرول ساڑھے 4 روپے جبکہ ڈیزل 2 روپے 50 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 2 روپے 92 پیسے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمت برنٹ آئل مارکیٹ میں 82 ڈالر 52 سینٹ فی بیرل ہے، اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری 29 فروری کو وزارت پٹرولیم کو بھجوائے گا۔
یاد رہے کہ بڑھنے والی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں یکم سے 15 مارچ تک لاگو ہوں گی۔ نئی قیمتوں کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہوجائیں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا