یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے، صدر مملکت اور وزیر اعظم

ویب ڈیسک: یوم پاکستان کے حوالے سے ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد جاری ہے۔ اسلام آباد ، پشاور ، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں جشن کا سماں ہے۔
اس حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے۔ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کر لیں گے جبکہ تمام مشکلات کا بھی متحد ہو کر ہی مقابلہ کر سکتے ہیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر صدر آصف زرداری نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن 23 مارچ 1940 کو ایک آزاد وطن کی تعمیرکی بنیاد رکھی گئی۔ آئیے آج ہم اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں، ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ اور پولیس نے قوم کی سلامتی اور خودمختاری کویقینی بنایا۔ آزادی سے لے کر اب تک ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ کا اہم دن ہے، اس دن لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنےکا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم نے غیرمعمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے، ایک مربوط پالیسی اصلاحات کے فریم ورک کے ساتھ پاکستان کو معاشی بحالی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنےکیلئے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں:  بغیر مینڈیٹ مسلط پی ڈی ایم ٹو کا تجربہ کامیاب نہیں ہوگا، علی امین گنڈاپور