سعودی وفد کا دورہ معاشی استحکام کا آغاز ثابت ہوگا، شہباز شریف

ویب ڈیسک: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اپنے دورہ کے دوسرے دن پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
یاد رہے کہ اس ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان ال سعود کے ہمرا وفد بھی موجود تھا۔
ذرائع کےمطابق دونوں رہنماوں کی ملاقات کے دوران جہاں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وہیں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر خصوصی طور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس دوران طے پایا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پر سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے سعودی عرب کے کلیدی کردار کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہمیشہ سعودی عرب نے پاکستان کا ساتھ دیا، عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ پاکستان سعودیہ سٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔
بعد ازاں سعودی وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور سعودی وزیرِ خارجہ نے پاک سعودیہ تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں:  عوامی مسائل کی بجائے پی ڈی ایم ٹو میں عہدوں کی بندر بانٹ جاری ہے