غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 200 دن مکمل، 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 200 روز مکمل ہوگئے ہیں جبکہ اس دوران 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ زخمیوں کی تعداد 77 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت سے سب سے خواتین اور بچے متاثر ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر سے جاری کشت و خون میں اب تک 14 ہزار 500 سے زائد بچے اور 9 ہزار 500 سے زائد خواتین نے جام شہادت نوش کیا۔
اس دوران غزہ کے 3 لاکھ 80 ہزار سے زائد رہائشی یونٹ اور 412 تعلیمی ادارے مکمل تباہ ہوچکے ہیں۔
دوسری طرف غزہ کے 32 ہسپتالوں اور 53 مراکز صحت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بعض مقامات ہر گھروں و دیگر عمارتوں کے ملبے تلے ہزاروں کی تعداد میں افراد دبے پڑے ہیں اس لئے شہادتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی بمباری کے دوران اب تک ان 200 روز میں 75 ہزار ٹن بارود برسایا گیا ہے۔
صیہونیوں کی بربریت کا شکار غزہ کی صورتحال پر عرب میڈیا کی جانب سے نقصانات کا تخمینہ کم از کم 30 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
صیہونیوں کی اس کارروائی سے غزہ کی پٹی کا پورا انفرااسٹرکچر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  سوشل میڈیا کی رفتار فائر وال کی آزمائش سے سست پڑنے لگی