عارف علوی

ملکی مسائل کا حل بات چیت میں ہی ہے،عارف علوی

ویب ڈیسک: سابق صدر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل بات چیت میں ہی ہے، میں پل کا کردار ادا کرتا رہا ہوں۔
پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمان فارم 47سے بنی ہے اس کے پاس مینڈیٹ کم ہے، بانی پی ٹی آئی بھاری مینڈیٹ لینے کے باوجود جیل میں ہیں، اگر فارم 47والی حکومت چلتی رہی تو حالات مزید خراب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، ان کی صحت اچھی ہے اور وہ اچھے موڈ میں تھے، بات چیت ہی ملکی مسائل کا حل ہے، میں پل کا کردار ادا کرتا رہا ہوں ،میں بات چیت کے لیے کوشش کرتا رہوں گا، ناکامی تب ہو گی جب ناکامی مان لوں گا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ فوج میری ہے میں نے ہمیشہ اس کا دفاع کیا اور کرتا رہوں گا، ہمارے تمام ادارے اس بند گلی میں چلے گئے ہیں، پاکستان کو اس وقت انویسٹمنٹ کی ضرورت ہے، سعودی عرب سے جو وفد آیا اس سے فائدہ ہو گا۔
ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ میڈیا آزاد ہے تو لوگوں کو پتہ چل رہا ہے دنیا میں کیا ہو رہا ہے، غزہ میں سوشل میڈیا پر تصویروں سے پتا چلا کتنا ظلم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پاکستان کے لیے اہم ہے، پاکستان واحد ملک ہے جس میں سوشل میڈیا کو بند کیا گیا، سوشل میڈیا عوام کے ہاتھ میں ہے جس سے افواہیں پھیلتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے فلسطین و لبنان قائم کرنے کی منظوری