پاکستان اور امریکہ

پاکستان اور امریکہ کا دہشت گردی کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

ویب ڈیسک: پاکستان اور امریکہ نے کالعدم ٹی ٹی پی ،آئی ایس آئی ایس خراسان گروپ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے مقابلے کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اقوام متحدہ کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کیلئے پاکستانی سفیر حیدر شاہ اور امریکی رابطہ کار برائے انسداد دہشتگردی الزبتھ رچرڈ نے پاک امریکا انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کی صدارت کی ۔
مذاکرات میں تحریک طالبان پاکستان اور داعش خراسان گروپ سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن کو درپیش حالیہ چیلنجز سمیت خطے میں دہشتگردی کی روک تھام سے متعلق باہمی مفادات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈائیلاگ میں دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی مشقوں اور مہارتوں کے تبادلے سمیت تحقیقات اور پروسیکیوشن میں ایک دوسری کی مدد اور بارڈر سکیورٹی انفرااسٹرکچر اور تربیت کے معاملات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈائیلاگ میں فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں پرتشدد شدت پسندی کی نشاندہی اور اس کی بیخ کنی کیلئے تمام حکومتی وسائل استعمال کیے جائیں گے اور اس ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان کمیونیکیشن کو بھی بڑھایا جائے گا۔
انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ امریکا اور پاکستان عالمی اور علاقائی سکیورٹی اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ سے لاہور جانے والی بس کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق