پنشن پر ٹیکس ریٹائرڈ ملازمین کے ساتھ ظلم ہوگا، ڈاکٹر قبلہ ایاز

پشاور کی تمام جامعات کے ریٹائرڈ ملازمین پنشن میں تاخیر پر سراپا احتجاج، پنشن پر ٹیکس نے انہیں مزید پریشان کر دیا۔
ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور کی تمام سرکاری جامعات کے ریٹائرڈ ملازمین کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی۔
اس موقع پر پروفیسرڈاکٹر قبلہ آیاز نے اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے ریٹائرڈ پروفیسر اور انتظامی افسران کے تحفظات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم کے بجٹ میں کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات کے آن ڈیوٹی ملازمین تنخواہوں جبکہ ریٹائرڈ ملازمین پنشن کی بروقت ادائیگی میں تاخیر سے پریشان ہیں۔
ڈاکٹرقبلہ آیاز کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہر سال پنشن کی رقم بجٹ میں بڑھائی جاتی ہے جبکہ جامعات کے ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن جیسے بنیادی حق سے محروم رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تاحال 5 اعشاریہ 17 فیصد کے اضافے کے بقایاجات ادا نہیں کئے۔
پشاور کی جامعات کے ریٹائرڈ ملازمین کی مشترکہ پریس کانفرنس میں ڈآکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اب خبریں سننے کو مل رہی ہیں کہ حکومت پنشن پر بھی ٹیکس کا سوچ رہی ہے، اگر حکومت نے ایسا کوئی قدم اٹھایا تو یہ ظلم کی انتہا ہوگی۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا جلد از جلد جامعات کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن تشکیل دے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں سرکاری جامعات حکومت کی مدد سے ترقی کرتی ہیں جبکہ یہاں معاملہ الٹا ہے،یہاں پنشن پر ٹیکس لگانے کی کوششیں‌کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے تاکہ اعلی ذہن و دماغ اعلی تعلیم سے فیض یاب ہو سکیں۔ اس کے علاوہ پنشن کی بروقت ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنشن کے بقایاجات کی ادائیگی بھی فوری کی جائے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہنگامہ آرائی ،حکومتی و اپوزیشن اراکین گتھم گتھا