تیمرگرہ کے عوام صحت سہولت پروگرام کی سہولیات کو ترس گئے

ویب ڈیسک: ضلع لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ کے عوام صحت سہولیات پروگرام کی سہولیات کو ترس گئے۔
ذرائع کے مطابق تین ماہ گزرنے کے باوجود تیمرگرہ ٹیچنگ ہسپتال میں صحت سہولت پروگرام کے تحت علاج معالجہ کی سہولت شروع نہ کی جا سکی ہے۔ حالانکہ تیمرگرہ ہسپتال صحت سہولت پروگرام میں شامل ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان ڈیڈ لاک کے سبب تاحال سروسز شروع نہ کی جاسکی جس سے 5 اضلاع کے لاکھوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور یہ لوگ مفت علاج کی سہولت سے محروم ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ماضی میں صحت سہولت پروگرام میں کی جانے والی مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف انکوائری تک صحت سہولت پروگرام کا حصہ نہیں بن سکتے۔
ہسپتال کے ایم ایس نے بتایا کہ صحت سہولت پروگرام کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل کی وارننگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ صحت سہولت پروگرام شروع نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  پشتون تحفظ موومنٹ کی سرگرمیاں ملک مخالف رہیں، عطاء تارڑ