فنانس بل پیش

خیبرپختونخوا اسمبلی میں فنانس بل پیش،متعدد نئے ٹیکس تجویز

ویب ڈیسک: خیبر اسمبلی میں فنانس بل 2024پیش کردیاگیا جس میں متعدد نئے ٹیکس تجویز کئے گئے ہیں ۔
خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کے زیرصدارت اجلاس ایک گھنٹہ 45 منٹ تاخیر سے شروع ہوا،اجلاس میں وزیرخزانہ آفتاب عالم نے فنانس بل 2024ایوان میں پیش کیا ۔
اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وفاق سے پہلے بجٹ پیش کیا گیا ہو۔
ڈاکٹرعباد کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا 92 فیصد وفاق پر انحصار کرتا ہے، یہ کوئی سیاسی مقاصد لگتے ہیں، اتنی جلد بجٹ پیش کرنا اور اسے جلد ختم کرنا اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں، اس بجٹ میں خیالی پلا کے علاوہ کچھ نہیں لگ رہا۔
فنانس بل 2024 کے مطابق ورجینیا ٹوبیکو پر 50 روپے فی کلو گرام یا انوائس کا 3 فیصد ٹوبیکو سیس لاگو ہوگا، نسوار کے تمباکو پر ساڑھے 7 روپے فی کلوگرام ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بل کے مطابق ہائوسنگ سوسائٹی میں پلاٹ کی خرید و فروخت پر 2 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا، 5 مرلہ سے کم گھر پر کسی قسم کا ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔
5 سے 10 مرلے پر 3 ہزار، 15 مرلہ پر ساڑھے 3 ہزار اور 18 مرلہ پر 4 ہزار پراپرٹی ٹیکس نافذ کیا گیا ہے، ایک کنال پر 15 ہزار اور دو کنال پر 40 ہزار کا ٹیکس نافذ ہوگا۔
صوبے میں پیدا ہونے والے کوئلے، نیفرائٹ، کرومائٹ اور گریفائٹ ٹیکس کے زمرے میں شامل ہیں، کاشتکاروں سے تمباکو خریدنے والی کمپنی ایکسائزکے محکمہ کیساتھ رجسٹرڈ ہوگی۔
تعلیمی اداروں پر پرائمری سکول پر 40 ہزار، مڈل پر 50 ہزار اور ہائی سکول پر 1 لاکھ سالانہ ٹیکس نافذ ہو گا، پرائیویٹ یونیورسٹی پر ڈھائی لاکھ روپے ٹیکس کے نفاذ کی تجویز ہے۔
انڈسٹریل ایریا میں صنعتی پلاٹ پر 10 ہزار روپے کا فکسڈ ٹیکس نافذ ہو گا، سروس سٹیشن پر 20 ہزار روپے ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز ہے، پراپرٹی ٹیکس، پٹرول اور سی این جی سٹیشن پر 50 ہزا رروپے ٹیکس نافذ ہوگا۔
بل کے مطابق موبائل فون ٹاور پر 40 ہزار روپے ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز ہے، موٹرسائیکل پر ڈھائی ہزار روپے لائف ٹائم ٹوکن نافذ ہو گا، شادی ہال ٹیکس کی تین کٹیگریز ہوں گی، 15 سے 25 ہزار تک کا ٹیکس نافذ ہو گا۔

مزید پڑھیں:  ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان علیحدگی کی پیشگوئی