بشام حملہ، چین کی پاکستانی تحقیقاتی رپورٹ کی حمایت

ویب ڈیسک: بشام میں 26 مارچ کو چینی انجینئرز پر ہونے والے خودکش حملے سے متعلق پاکستانی تحقیقاتی رپورٹ کی حمایت چین نے کرتے ہوئَے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ سب کے مفاد میں ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مؤقف پاکستان کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری افغانستان میں مقیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی قیادت اور دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں پر عائد کرنے کے ایک دن بعد سامنے آیا۔
چینی ترجمان دفتر خارجہ ماؤ ننگ نے کہا کہ دہشتگرد حملے کی تحقیقات میں چین پاکستانی تحقیقاتی رپورٹ کو اہمیت کی نظر سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین تمام مجرموں کو بے نقاب کرنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ چینی شہریوں پر حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہوئی اور انہوں نے واضح کیا کہ سی پیک کی شکل میں پاک چین تعاون جاری ہے اور ہمیں بالکل یقین ہے کہ وہ ہماری اور ہم ان کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ میں کان کنی کے دوران گیس دھماکہ ،3افراد جاں بحق