رفح پر اسرائیلی بمباری، اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، او آئی سی

ویب ڈیسک: اسرائیلی افواج کی جانب سے رفح پر کی جانیوالی بمباری سے سینکڑوں کی تعداد میں فلسطینی شہری شہید ہو گئے جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق او آئی سی نے غزہ پٹی کے شہر رفح میں شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر او آئی سی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رفح شہر میں ہزاروں بے گھر افراد سے بھرے کیمپ پر بمباری کی۔ ان واقعات میں تقریباً 40 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔
او آئی سی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ اسرائیلی افواج کا یہ عمل انسانیت کے خلاف جرم اور ریاستی منظم دہشت گردی ہے۔ اس کیلئے مجرم کو بین الاقوامی فوجداری قانون کے مطابق جوابدہ اور ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔
او آئی سی نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو مجبور کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

مزید پڑھیں:  سوشل میڈیا کی رفتار فائر وال کی آزمائش سے سست پڑنے لگی