رؤف حسن

عمران خان کو مزید جیل میں رکھنے کی سازشیں ہورہی ہیں ،رؤف حسن

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے حکومتی فیصلوں اور ریاستی اقدامات پر شکوک کا اظہار کرتے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مزید جیل میں رکھنے کی سازشیں ہورہی ہیں ۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رئوف حسن، نعیم پنجوتھہ ایڈووکیٹ، چوہدری حمید پوٹھی اور دیگر نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے ایک سال سے ملک میں تماشا ہو رہا ہے اور فرد واحد نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے ریاست کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جو عدت کیس کے حوالے سے عدالت میں ہوا وہ سب نے دیکھا، خاور مانیکا نے بانی تحریک انصاف کے حوالے سے گندی زبان استعمال کی، اندرون خانہ پریشر کے باعث وکیل کو کہا کیس کو دوبارہ بیان کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گفتگو کے بعد نئے سرے سے کیس دوسرے جج کے پاس چلا گیا ہے، صاحب اقتدار لوگوں کی پالیسی ہے کہ کیس مزید آگے بڑھا جائے،کوشش ہے کہ بانی تحریک انصاف کو مزید جیل میں رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی پر چوتھا کیس بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے، سوچی سمجھی سازش کے تحت یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے، ہمیں کہیں انصاف ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
رؤف حسن کا مزید کہنا تھا کہ جوں جوں وقت گزر رہا ہے ریاست پر پریشر بڑھتا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کے کیسز کے فیصلے آگے بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں، ہم انصاف کا قتل ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، ہم دو سال سے تماشا دیکھ رہے ہیں لیکن ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عدت اور سائفر مقدمات ختم ہو چکے ہیں، توشہ خانہ اور القادر کیس بھی جھوٹ پر مبنی اور سب کے سامنے واضح ہے، حمود الرحمان کمیشن جس نے پڑھی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف کہیں بھی کوئی ذکر نہیں، آج بھی ایک شخص، فرد واحد نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے ریاست کو مشکل میں ڈال رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پاکستان کی 6 اکائیاں ہیں، ہمارے ادارے کب کردار ادا کریں گے، پاکستان واحد ریاست ہے جہاں آئین اور قانون کا فقدان واضح دکھائی دے رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دوسروں کی لڑائیوں میں گھسنے کی تیاریاں کر رہا ہے، ہماری لڑائی فوج کے ساتھ نہیں بلکہ شخص واحد کے ساتھ ہے، ملک ریاض پر بھی پریشر ڈالا جا رہا ہے حالانکہ انہوں نے بیان بھی دیا ہے کہ وہ دبا میں نہیں آئیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی نعیم حیدر پنجھوتھا نے اس موقع پر کہا کہ سائفر کیس اور عدت کیس میں کل اور آج تاریخیں تھیں، ہم سمجھ رہے تھے سماعت ہو گی اور فیصلہ آئے گا لیکن آج بانی تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ کے خلاف انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج جج صاحب کا پیچھے ہٹنا بھی سب کے سامنے ہے، عدالت کا احترام ہم سب پر لازم ہے، جج صاحب نے کہا کہ میں یہ کیس نہیں سنوں گا، دونوں کیسز کو پھر لٹکا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی سانحہ 9 مئی میں گرفتاری ہے، اس کیس کو بھی لٹکا دیا گیا ہے، ضمانت کنفرم ہوتی ہے تو ملک ریاض کے پیچھے بھاگنا شروع ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  سفاک اسرائیلی فوج نے مسجد اور سکول پر بارود برسادیا، 24فلسطینی شہید