غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ

خیبر تا کراچی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،عوام کاپارہ ہائی

ویب ڈیسک: ملک میں حالیہ شدید گرمی کے باوجود خیبر تا کراچی بجلی کی ناروا اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کا پارہ ہائی ،ضلع خیبر میں لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں نے لنڈی کوتل گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا۔
مشتعل مظاہرین گرڈ اسٹیشن کے اندرگھس گئے اور وہیں دھرنا دے دیا،مظاہرین نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں لوڈشیڈنگ 20 گھنٹے سے بڑھ چکی ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف متعدد مقامات پر احتجاج کیا گیا اور تاجروں کی جانب سے شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔
بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر آگئے، اوستہ محمد میں شہریوں نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور شاہراہ بند کردی۔
ملتان میں 4گھنٹے سے 8گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے،سندھ کے ضلع مٹیاری میں 12 سے 18گھنٹے بجلی غائب ہے، حیدرآباد سمیت سندھ کے 9اضلاع میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران کئی سنٹرز میں لوڈشیڈنگ کے باعث طلبا کے لیے امتحان دینا چیلنج بن گیا۔
کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.5 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا، ایسی سخت گرمی میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں 10گھنٹے تک بجلی غائب رہنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کے الیکڑک نے لوڈشیڈنگ کی وجہ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کو قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  بیروت پر اسرائیلی فضائی حملوں میں شدت، 25 افراد شہید