وفاقی بجٹ

200یونٹ تک بجلی استعمال کرنےوالےصارفین کوریلیف دینےپراتفاق

ویب ڈیسک: ن لیگ کے صدر میاں نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی بجٹ پر مشاورتی اجلاس میں سرکاری اخراجات کم اور 200یونٹ سے تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے پر اتفاق کیا گیا ۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امرا رائیونڈ میں وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس ہوا جس میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کی تجاویز پر غور کیا گیا ۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا محمد اورنگزیب ، ڈاکٹر مصدق ملک، اویس لغاری، عطا تارڑ، رانا تنویر حسین سمیت دیگر شریک ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز، پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید، وفاقی و صوبائی محکموں کے مختلف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طویل مشاورتی اجلاس میں آئندہ بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے اقدامات کی تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا، وفاقی و صوبائی سطح پر عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے حوالے سے اقدامات بارے تجاویز لی گئیں۔
اجلاس میں شرکت کرنے والے وفاقی وزرا اور سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے ممکنہ ریلیف کے اقدامات کی تجاویز پیش کیں، پارٹی قائدین نے بھی عوام کو ہر ممکنہ ریلیف دینے بارے اپنی اپنی تجاویز شرکا کے سامنے رکھیں۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات تجویز کئے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ مشاورتی اجلاس میں اپنے وسیع تر سیاسی و انتظامی تجربے کی بنیاد پر ہدایات بھی جاری کیں۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور کو پکڑنے کیلئے ناکہ بندی کی گئی ہے،محسن نقوی