کھانے کے ذائقے کو بہتر کرنے والا اسمارٹ چمچ

جاپانی ٹیک کمپنی Kirin نے کھانے کا ذائقہ مزید بہتر اور لوگوں کی صحت سے متعلق مثبت کردار ادا کرنے کیلئے ایک اسمارٹ چمچ متعارف کرایا ہے۔
کیرن کمپنی نے ایک اسمارٹ چمچ متعارف کرایا ہے جسے Elecispoon کا نام دیا گیا ہے۔ یہ زباں پر موجود ذائقہ محسوس کرنے والے حصے taste buds کے نمک کے بارے میں تاثر کو بہتر بناتا ہے اور اس طرح کھانے کا ذائقہ بہتر محسوس ہوتا ہے۔
ماضی میں کمپنی کے محققین نے میجی یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے ساتھ مل کر ایسے اسمارٹ کچن ویئر تیار کیے تھے جو کھانے کے ذائقے کو نمکین اور مزیدار بنانے کے لیے بجلی کا استعمال کرتے تھے لیکن حال ہی میں انہوں نے مارکیٹ میں ایک اسمارٹ چمچ کی نقاب کشائی کی۔
Elecispoon لوگوں کی صحت کو بہتر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ نمک کے ذائقے کو مصنوعی بنا کر لوگوں کی خوراک میں سے نمک کو کم کیا جاسکے۔
چمچ کی نوک میں ایک ایسا آلہ موجود ہے جو چمچ میں رکھے نوالے میں ایک برقی چارج منتقل کرتا ہے اور ساتھ ہی زبان کے گرد ایک برقی لہر بھی پیدا کرتا ہے۔ یہ دونوں عمل کھانے میں سوڈیم آئنز کو اکٹھا کرنے کا سبب بنتے ہیں جس کے نتیجے میں کھانا نمکین اور ذائقہ دار محسوس ہوتا ہے۔