عارف علوی

بات گھر کے مالک سے ہوگی، مالی سے نہیں: عارف علوی

ویب ڈیسک: سابق صدر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء عارف علوی نے کہا ہے کہ بات گھر کے مالک سے ہوگی، مالی یا باہر کھڑے ٹھیلے والے سے نہیں ہوگی۔
فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو کہہ رہے ہیں ڈیل کرو، ملک چھوڑ جائو لیکن انہوں نے کہا کچھ بھی ہوجائے ملک نہیں چھوڑوں گا۔
ان کا کہنا تھاکہ اسٹیک ہولڈر سے بات کرنی ہے نان اسٹیک ہولڈر سے نہیں، غصہ، نفرت ختم کریں اور درگزر سے کام لیں۔
سابق صدر مملکت نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے آزاد ہونے پر خطرے کا خوف نکال دیں، وہ کہہ چکے ہیں آزاد ہوکر درگزر سے کام لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی بحال، مینڈیٹ واپس اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں، ہر ایک پر غداری کا لیبل لگادیتے ہیں، فیض احمد فیض کو بھی نہیں چھوڑا۔
عارف علوی کا کہنا تھاکہ مذاکرات کریں بالکل صحیح مشورہ ہے لیکن کس سے مذاکرات کریں؟ دھاندلی سے اقتدارمیں آنے والوں سے ؟ تو ان کو اتھارٹی تو دے دو، یہ جو فارم 47والے ہیں یہ تو ٹھیلے والے بھی نہیں ہیں، ٹھیلے والوں کی بھی کوئی عزت ہوتی ہے۔
فارم 47 والے تو 50 آدمیوں کے درمیان جانے کے لائق نہیں، بات ہوگی تو گھر کے مالک سے ہوگی، مالی یا باہر کھڑے ٹھیلے والے سے نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں:  امریکی انتظامیہ سے زیادہ کسی نے اسرائیل کی مدد نہیں کی، جوبائیڈن