عید الاضحٰی پر سیکورٹی و صفائی ستھرائی پلانز پرعملدرآمدیقینی بنایاجائے،علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر متعلقہ حکام کو سیکیورٹی و صفائی کیلئے مرتب کردہ پلانز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عید اجتماعات، سیاحتی اور دیگر رش والے مقامات پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے ٹوارازم پولیس، ریسکیو، واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز اور میونسپل اداروں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے کے سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے سیاحوں کو سیکورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے اضلاع میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے لئے خصوصی اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کے دنوں میں دریاؤں، نہروں اور تالابوں میں حفاظتی تدابیر کے بغیر تیرنے اور نہانے پر پابندی سمیت بغیر حفاظتی تدابیر دریاؤں اور جھیلوں میں کشتی رانی کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، شہری جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے سلسلے میں صفائی عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔

مزید پڑھیں:  عید الاضحیٰ میں 20 گرڈ سٹیشنز سے 153 فیڈرز کی بجلی زبردستی بحال