وفاق ناروا سلوک کررہاہے،ہم اپنےحقوق کی جنگ لڑتےرہیںگے، علی امین گنڈاپور

صوبے کو حق نہیں دیا جا رہا لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور اپنا حق لینا بھی جانتے ہیں، وزیر اعلی خیبر پختونخوا
ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے تمام اہل اسلام کو عید قربان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قربانی کی استطاعت رکھنے والے اپنے اردگرد مستحق لوگوں کا خاص خیال رکھیں۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ وفاق ہمیں ہمارا حق نہیں دے رہا لیکن وہ یہ جان لے کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور اپنا حق لینا بھی جانتے ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارے قائد عمران خان کو جعلی کیسز بنا کر جیل میں رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان جعلی کیسز کو آہستہ آہستہ چلایا جارہا ہے تاکہ انہیں لمبے عرصے تک جیل میں رکھا جاسکے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے نظریے اور تحریک سے پیچھے ہٹ جائیں جو کبھی نہیں ہوگا۔
علی امین گنڈاپور نے عدلیہ سے اپیل کی کہ ان جعلی کیسز کو جلد سے جلد ختم کیا جائے اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 حکومت عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھی ہے، مینڈیٹ چوروں کو پیغام دیتا ہوں کہ ملک کو چلانے کا آپ کا طریقہ کار درست نہیں۔
سردار علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ عمران خان کی حکومت کو ایک سازش کے تحت ہٹا کر پی ڈی ایم کی ڈمی حکومت بٹھائی گئی اور انہوں نے ملک کا جو حال کیا آج سب کے سامنے ہے۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ ملک کے ساتھ لگاتار کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ ایک تو عام انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کرکے آئین توڑا گیا، دوسرا ملک میں فسطائیت کا ایک دور شروع کیا گیا تاکہ تحریک انصاف کو ختم کیا جائے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان حالات کا پوری دنیا کو علم ہے یہ کوئی چھکی چھپی بات نہیں۔
وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ یہ جو مینڈیٹ چور حکومت مسلط کی گئی ہے یہ ایک نحوست ہے جس کے اثرات ان پر بھی پڑ رہے ہیں جنہوں نے اسے ہم پر مسلط کیا۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت یا عوام کا عزم کمزور ہوگا تو یہ ان کی بھول ہے۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وفاق خیبر پختونخوا کے ساتھ ناروا سلوک کررہا ہے، ہم اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنا حق لینے تک لڑتے رہیں گے۔ ایک دفعہ پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ صوبے کے واجبات اور ضم اضلاع کے فنڈز ہمیں ادا کئے جائیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جو لوگ بانی پی ٹی آئی اور دیگر پارٹی قائدین کو ٹرول کر کے سمجھتے ہیں اس کا فائدہ ہوگا خواب غفلت میں ہیں۔

مزید پڑھیں:  سیئول، لیتھیم بیٹریاں بننے والے پلانٹ میں آتشزدگی، 22 افراد ہلاک، متعدد زخمی