عدالت نے حکومت کو افغان موسیقاروں کو زبردستی بےدخلی سے روک دیا

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے حکومت کو افغان موسیقاروں کو زبردستی بے دخلی سے روک دیا۔
افغان موسیقاروں کی سیاسی پناہ کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے کی۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ ان کا کیس کیا ہے؟ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ یہ افغان موسیقار ہیں اور ان کے پاس دستاویزات نہیں۔ استدعا ہےکہ ان افغان موسیقاروں کو پاکستان سے نہ نکالا جائے۔
جسٹس اعجاز انور نے سوال کیا کہ افغانستان سے آپ ویزا پر آئے ہیں، پاسپورٹ آپ کے پاس ہے؟ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ کچھ کے پاس ویزے ہیں اور کچھ بغیر ویزے کے ہیں۔
جسٹس اعجاز انور نے پوچھا کہ افغانستان میں آپ کو کوئی مسئلہ ہے؟ درخواست گزار نے بتایا کہ افغانستان میں ہمیں خطرہ ہے، اس لیے یہاں آئے ہیں۔
عدالت نے حکومت کو افغان موسیقاروں کو زبردستی بےدخلی سے روک دیا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  فیصل امین نے گورنر خیبرپختونخوا کے خلاف ہرجانہ کیس دائر کردیا