خیبرپختونخوا: مختلف واقعات میں 10 افراد جاں بحق، 18 زخمی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ اور حادثات وغیرہ کے واقعات میں 10 افراد جاں بحق، 18 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق یونیورسٹی آف لکی مروت کی زیر تعمیر عمارت پر رات گئے نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔
اس موقع پر سیکورٹی گارڈز کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہو گئے جبکہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ضلع لکی مروت کے علاقے ڈڈیوالا کے قریب رات گئے فائرنگ سے شمس وزیر ساکن عظیم مرمنڈی جاں بحق ہو گیا۔
اسی ضلع میں دوسرے واقعے کے دوران شاہ حسن خیل میں دو کمسن بچے جوہڑ میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔
ڈوبنے والے بچوں میں 8 سالہ عاقب اللہ اور 13 سالہ واجد اللہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 2 دن پہلے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث پانی جوہڑ میں جمع ہو گیا تھا۔
ضلع لوئرکوہستان کی تحصیل بنکڈ چکئی کے مقام پر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی سے گلگت جانے والی بس نمبر ایل آر او 5455 تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز بمعہ میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے 10 افراد کو بس سے نکال لیا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال بشام منتقل کر دیا گیا۔
بعد ازاں ڈاکٹروں کی ہدایات پر 3 شدید زخمیوں کو مزید علاج معالجے کے لیے ایبٹ آباد منتقل کیا گیا۔
ضلع ٹانک میں مختلف واقعات کے دوران 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔
ٹانک کے گاؤں جانکی میں معمولی رنجش پر چچا نے فائرنگ کرکے بھتیجے کو قتل کیا جبکہ اس دوران بیٹے کو بچانے کی کوشش کرتی ہوئی اس کی بھابھی گولیوں کی زد میں آ کر زخمی ہو گئیں۔
دوسرے واقعہ میں تھانہ ایس ایم اے کی حدود گاؤں کڑی حیدر میں گھریلو تنازعات پر بھائی نے بھائی کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کیا۔
ریسکیو 1122 نے زخمی کو تشویش ناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقیل کر دیا۔
تھانہ جنڈولہ کی حدود پنگ میں پیش آنے والے واقعے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
ٹانک پولیس نے تینوں واقعات کی رپورٹ درج کر کے مذید تفتیش شروع کردی۔
یاد رہے کہ ضلع ٹانک میں مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔
ضلع صوابی میں روڈ ٹریفک حادثہ کے باعث 2 نوجوان جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔
اس حوالے سے ریسکیو 1122 ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع صوابی کے جھنڈا روڈ پر گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر جاں بحق اور چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 20 سالہ عیسی، 15 سالہ سمیر، 17 سالہ سیف اللہ اور 14 سالہ یحیی شامل ہیں ۔
جاں بحق افراد کی شناخت محمد سمیع اور محمد موسی کے ناموں سے ہوئی جن کی عمریں 20 سال بتائی جاتی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں اور زخمی ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیئَے گئے۔
ضلع چارسدہ میں بہتے دریائے سوات میں منڈا ہیڈ سے چند سو قدم کے فاصلے پر 2 بچے حذیفہ اور جواد نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔
مقامی افراد کی کوششوں سے جواد کو زندہ بچا لیا گیا تاہم حذیفہ جاں بحق ہو گیا۔
اپر اورکزئی کے علاقہ بلندخیل میں کمرے کی چھت گر گئی جس سے خاتون بمعہ 6 ماہ بیٹی جاں بحق جبکہ 3 سالہ بیٹا زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ عوام اور پولیس نے زخمی بچے اور لاشوں کو نکال کر ٹل ہسپتال منتقل کر دیا
ذرائع کے مطابق کمرے کی چھت تیز آندھی کے باعث گری.
یاد رہے کہ صوبہ بھر میں‌ہونے والے مختلف واقعات میں‌ 10 افراد جاں بحق، 18 زخمی ہو گئے.

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف کا سزا معطلی کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان