صدر مملکت

کچے میں ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں لایا جائے،صدر مملکت

ویب ڈیسک:صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کچے میں ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے ۔
سکھر میں صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت سندھ میں سکیورٹی امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ نے کچے اور صوبے کی سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی۔
صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کچے کے جرائم پیشہ افراد کو بتدریج قومی دھارے میں لایا جائے جبکہ گھناؤنے جرائم میں ملوث پیشہ ور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سڑکیں، صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے اور کچے کے علاقے کے قبائلی سرداروں پر مشتمل قومی جرگہ بلایا جائے ۔
آصف زرداری نے کہا کہ قومی جرگہ جرائم کی روک تھام ، علاقے کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کیلئے کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایم این اے سید خورشید شاہ، وزیراعلی سید مراد علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی ، وفاقی و صوبائی وزرا، رینجرز اور ملٹری حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
صدر مملکت کو سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ یکم مئی کے اجلاس کے دوران دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی سرگرمیوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، گزشتہ دو ماہ کے دوران شاہراہوں سے متعلق کوئی جرم رپورٹ نہیں ہوا، ٹارگٹڈ آپریشنز اور اسمارٹ کیمروں کی تنصیب سے جرائم پر قابو پانے اور سہولت کاروں کی شناخت و گرفتاری میں مدد ملی ہے۔
ڈی جی رینجرز نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ پولیس اور رینجرز کی جانب سے 133 مشترکہ آپریشنز کیے گئے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جرائم پر قابو پانے کیلئے کچے کے مختلف علاقوں میں اضافی چیک پوسٹیں قائم کی گئی۔
صدرت مملکت نے کہا کہ صوبے کی سیکیورٹی چیلنجز، ضروریات موثر طریقے سے پورا کرنے کیلئے پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، سندھ پولیس کو جدید آلات ، ہتھیار، مناسب انسانی وسائل ، لاجسٹکس فراہم کر کے استعدادِ کار بڑھائی جائے۔

مزید پڑھیں:  لبنان کی حمایت کرنے پر اسرائیل نے ترکیہ کیخلاف لفاظی جنگ چھیڑ دی