بل گیٹس

وزیراعظم سے بل گیٹس کی ملاقات، پاکستان سے پولیو خاتمے کا عزم

ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف سے گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے ملاقات کی جس میں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
وزیراعظم نے رواں سال ریاض میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں بل گیٹس کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔
شہباز شریف نے بل گیٹس کو معاشی استحکام کے حصول کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں اہم پیش رفت، صحت کی سہولیات تک رسائی میں بہتری، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور پولیو کے خاتمے کی حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے گیٹس فائونڈیشن کی گراں قدر حمایت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پورے حکومتی ڈھانچے کے ایک ڈیجیٹلائزڈ ایکو سسٹم کے نتیجے میں محصولات میں اضافہ ہوگا جس سے گورننس کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور حکومت عوامی بہبود کی اسکیموں پر زیادہ خرچ کرنے کے قابل ہوگی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان اور گیٹس فائونڈیشن دونوں کے بہت سے اہداف ہیں جن میں صنفی فرق کو ختم کرنا، صحت کی سہولیات تک رسائی میں اضافہ، غذائی تحفظ کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران بل گیٹس نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مسلسل لگن اور ذاتی دلچسپی کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مسلسل ویکسینیشن اور حکومت کے پختہ عزم کے ساتھ، پولیو کے خاتمے کی مہم میں بہتری آئے گی۔

مزید پڑھیں:  مجھ پرون مین شو کاغلط الزام لگایاگیا: چیف جسٹس کاجسٹس منصورکوجوابی خط