برطانوی انتخابات

برطانوی انتخابات میں لیبر پارٹی فاتح، رشی سونک نے شکست تسلیم کر لی

ویب ڈیسک: برطانوی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ،650میں سے 636نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں لیبر پارٹی 410نشستوں پر فاتح رہی ہے ، کئیر اسٹارمر وزیراعظم ہونگے۔
حکومت سازی کے لیے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور لیبر پارٹی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے،کنزرویٹو نے 120اور لب ڈیم نے 71 نشستیں حاصل کی ہیں۔
برطانوی وزیرعظم رشی سونک نے انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ رشی سونک نے سر کیئر اسٹارمر کو کامیابی پر مبارکباد بھی دی۔
بریڈفورڈ ویسٹ سے لیبر رہنما پاکستانی نژاد ناز شاہ جیت گئیں جبکہ پاکستانی نژاد لیبر رکن یاسمین قریشی تیسری مرتبہ اپنی سیٹ کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے سپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کئیر اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ میں تبدیلی کا وقت آچکا ہے، ہمیں سیاست کو خدمت میں بدلنا ہے، سخت محنت کرکے ملک کوبحرانوں سے نکالیں گے، عوام نے تبدیلی کوووٹ دیا، عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق لیبر پارٹی کے سربراہ سر کئیر اسٹارمر 18 ہزار 884 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں، ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار اینڈریو فینسٹین 7 ہزار 312 ووٹ لیکر دوسرے جب کہ گرین کے ڈیوڈ اسٹانسل 4 ہزار 3 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔
شمالی لندن کی ہولبارن اینڈ سینٹ پینکراس کی نشست پر دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سر کئیر اسٹارمر نے اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ حلقہ میرا گھر ہے میرے بچے اسی جگہ پر بڑے ہوئے، میری اہلیہ بھی یہیں پیدا ہوئیں میرے لیے یہ کامیابی بہت بڑا اعزاز ہے۔
ادھر کنزرویٹو حکومت کے فرسٹ کیبینٹ منسٹر، جسٹس سیکرٹری ایلکس چاک چیلٹنہیم سے مخالف لبرل ڈیموکریٹ امیدوار سے اپنی نشست ہار گئے۔
برطانوی ڈیفنس سیکرٹری گرانٹ شاپس بھی ویلوین ہیٹ فیلڈ سے اپنی نشست ہار گئے ہیں، پر لیبر پارٹی کے امیدوار نے گرانٹ شاپس کو 3 ہزار 799 ووٹوں کی لیڈ سے شکست دی۔
ویلوین ہیٹ فیلڈ کی نشست پر لیبر پارٹی کے امیدوار اینڈریو لوئن نے 19 ہزار 877 ووٹ حاصل کیے جبکہ گرانٹ شاپس 16 ہزار 78 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ریفارم کے رہنما نائجل فراگ نے بھی کلاکٹن کی نشست پر کامیابی حاصل کر لی، انہوں نے 8 مرتبہ انتخابات میں حصہ لیا اور پہلی مرتبہ کامیابی سمیٹی ہے۔
ورکرز پارٹی کے سربراہ جارج گیلووی اپنی روچاڈیل کی نشست سے ہار گئے، جارج گیلووی اسی نشست پر لیبر رہنما سر ٹونی لائڈ کی موت کے بعد ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئے تھے، وہ 2003 سے 2015 تک تین مرتبہ ایم پی رہ چکے ہیں۔
پاکستانی نژاد روزینہ ایلن خان لندن کے علاقے ٹوٹنگ سے ایک مرتبہ پھر کامیاب ہوگئیں، روزینہ ایلن خان نے 29,209 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
روزینہ ایلن خان کاسٹ کئے گئے ووٹس میں سے 55 فیصد ووٹ حاصل کیے، گزشتہ انتخابات میں روزینہ ایلن خان نے یہاں سے 30 ہزار سے زائد ووٹ لیے تھے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان پر بیرونی قرضہ 130ارب ڈالرز سے بڑھ گیا