بھٹہ خشت ایسوسی ایشن

پاکستان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کاملک بھر میں بھٹے بند کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: پاکستان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن نے 15جولائی سے ملک بھر میں بھٹے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔
پاکستان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے صدر محمد شعیب خان نیازی نے کہا ہے کہ اینٹوں کی فروخت میں مسلسل کمی، کوئلہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں ،کرایہ،کاروبار میں مسلسل نقصان اور محکمہ ماحولیات، سوشل سیکورٹی،محکمہ لیبرکی طرف سے بے جا چالان اور جرمانوں کی وجہ سے پورے پاکستان کے بھٹے 15جولائی سے بند کر دیئے جائیں گے۔
مقامی ہوٹل میں بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد شعیب خان نیازی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کے ساتھ وعدے پورے نہیں کئے جس کی وجہ سے ان کا کاروبار دن بدن خسارے میں جا رہا ہے۔
پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کی وجہ سے کوئلہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں،بھٹہ انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے،حکومت بھٹہ انڈسٹری کے لئے بھٹہ ایکٹ بنائے اور اس انڈسٹری کے لئے ریلیف کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ 15جولائی کو پورے ملک کے بھٹے بند ہو جائیں گے جس سے لاکھوں لوگ بے روزگارہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بھٹہ سیکٹر پر بے تحاشا ٹیکسز لگا دیئے ہیں جس کی وجہ سے بھٹے چلانا اب ممکن نہیں رہا۔
نئے مالی سال کے دوران بھٹہ مالکان کو درجن سے زائد ٹیکسز کا سامنا کرنا پڑے گا اس لئے بھٹے بند کرنا مجبوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان کے ساتھ معاملات حل نہ کئے تو اینٹوں کی سیل بھی بند کر دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  نیپال میں مون سون بارشوں سے 14 افراد ہلاک، سڑکیں تالاب بن گئیں