پیٹرولیم ہڑتال ختم

پیٹرولیم ڈیلرز نے ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کردی

ویب ڈیسک: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر جاری ہڑتال فوری طور پر موخر کردی ۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شمالی علاقہ جات پر سیاحوں کے پھنسنے کے باعث فوری فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہماری آج کی ایک روزہ ہڑتال کامیاب رہی ہے، لوگوں کو تکلیف ہورہی ہے کیونکہ موٹر سائیکل والے چل نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ مالا کنڈ، سوات اور ہزارہ میں سیاح گئے ہوئے ہیں، اس لیے ہڑتال ختم کر رہے ہیں، ہڑتال آسان نہیں تھی کیونکہ پوری حکومت اس ہڑتال کے خلاف تھی۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم فوری طور پر ہڑتال کی کال واپس لے رہے ہیں، ہڑتال صرف ملتوی کردی گئی ہے، ختم نہیں کیا، ہزارہ ڈویژن، پنجاب اور مالاکنڈ میں ڈی سی اور اے سیز نے ڈیلرز کو بلا کر دھمکیاں دیں اور کمزور دل کے ڈیلرز ان کا حکم مان گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے آئندہ ہم جو ایکشن لیں گے اس میں آپ ہمارا ساتھ دیں گے، نہیں تو کچھ ڈیلر اسمگلڈ پٹرول خریدیں گے، ملک میں اب اسمگل پیٹرول کی فروخت زیادہ ہونے کا امکان ہے، حکومت نے ڈبل ٹیکسیشن کی ہے۔
چیئرمین پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہم نے 4 ڈیلرز کو ایسوسی ایشن سے نکال دیا ہے، حکومت نے آنکھیں بند کرکے ٹیکس لگا دیا، ہمیشہ بجٹ بنانے سے پہلے ہمیں بلایا جاتا تھا جبکہ ہم نے وزیرِ خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں تو وہ خاموش ہی رہے، حکومت کے طے کردہ نرخ سے ہم ایک پیسہ نہیں بڑھا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کے اگلے لائحہ عمل کے لیے ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا تھا جہاں فوری طور پر ہڑتال موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  نئی سیاسی جماعت ''عوام پاکستان پارٹی ''لانچ کردی گئی