کور کمانڈرز کانفرنس

کور کمانڈرز کانفرنس: دہشت گردی خاتمے کیلئے آپریشن عزم استحکام اہم قرار

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقادکیا گیا جس میں دہشت گردی خاتمے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے آپریشن عزم استحکام کو اہم قرار دے دیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آپریشن عزمِ استحکام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے چند حلقوں کی جانب سے عزمِ استحکام کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر فورم کااظہارِ تشویش کیا گیا ۔
اجلاس میں علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے۔
شرکا ء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کانفرنس کے شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔
شرکاء نے کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔
افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پرعزم اور متحد ہیں۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔
کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے۔
آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی ۔

مزید پڑھیں:  غلاف کعبہ کی تبدیلی کا روح پرور عمل سال کے آغاز کیساتھ ہی شروع