پی ٹی آئی کی توہین عدالت

پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جلسہ کی اجازت منسوخ کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔
ویب ڈیسک پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے خارج کر دی۔ پی ٹی آئی جلسہ کی اجازت منسوخ کرنے اور تحریک تحفظ آئین اور عامر مغل کے بیٹے کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس بابر ستار نے کی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ڈپٹی کمشنر دفتر سے عامر مغل کو گرفتار کر لیا اور پورے ایک دن تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ اس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ مقدمہ ہے تو متعلقہ فورم پر جائیں، یہ توہینِ عدالت تو نہیں بنتی۔
پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست کے حوالے سے ہونیوالی سماعت کے دوران شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری آرڈر پڑھ کر سنایا۔
پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے 4 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اعلامیہ پیش کیا جبکہ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی پچھلی رات ڈیڑھ بجے مجھے جلسہ معطلی کا نوٹیفکیشن بھیجا۔
انہوں نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ آج یکم محرم ہے اور ہمارا جلسہ دو دن پہلے تھا، چیف کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں لکھا گیا ہے کہ انہوں نے ہمیں بھی بلایا، ضلعی انتظامیہ نے ہمیں بالکل بھی اجلاس میں شرکت کیلئے نہیں بلایا۔
جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے کہ اگر کمشنر اسلام آباد نے آرڈر معطل کر دیا ہے تو آپ کو اس آرڈر کو چیلنج کرنا ہو گا۔
شعیب شاہین نے کہا کہ انکو سزا تو دیں انکی ملی بھگت سامنے آئے جس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ دلوں کے حال تو اللّٰہ جانتا ہے ہم نے تو قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہیں، آپ آرڈر کو چیلنج کریں گے تو آرڈر کی لیگیلیٹی کا تعین ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس درخواست پر توہین عدالت کی کارروائی نہیں کر سکتا، انہوں نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بتائیں کس آرڈر پر توہین عدالت کی کارروائی کروں، آپ وکیل کی حثیت سے جو کر سکتے ہیں کریں، پچھلی سماعت میں ڈی سی اسلام آباد نے جلسے کی اجازت دی تھی، چیف کمشنر نے اس آرڈر کو معطل کر دیا تو آپ چیف کمشنر کے احکامات کو چیلنج کریں۔
بعد ازاں عدالت نے جلسہ منسوخ کرنے پر تحریک انصاف کی توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔

مزید پڑھیں:  ملکی سیاسی صورتحال: وزیراعظم نے آل پارٹیز کانفرنس بلا لی