بی آر ٹی سروس

چمکنی تا پبی بی آر ٹی سروس شروع کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور چمکنی تا پبی بی آر ٹی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اربن موبیلیٹی اتھارٹی کے بورڈ کا 16واں اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں چمکنی تا پبی (نوشہرہ)بی آر ٹی سروس شروع کرنے جبکہ چمکنی تا حیات آباد رنگ روڈ کو بھی بی آر ٹی روٹ ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی سہولت کے لئے مذکورہ روٹ پر بی آر ٹی کے طرز پر بسیں چلائی جائیں گی۔
اجلاس کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ز کے لئے اربن موبیلیٹی پلانز پر بریفنگ دی گئی ۔
وزیر اعلیٰ نے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے شہری علاقوں میں الیکٹرک بسیں چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ ادارہ اس سلسلے میں دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل بیٹھ کر قابل عمل پلانز تیار کرے۔
اجلاس کے دوران بی آر ٹی بسوں میں والدین کے ساتھ سفر کرنے والے پانچ سال تک کے بچوں کو مفت سفر کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اس مقصد کے لیے متعلقہ ادارے اپنی سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں
وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے متعلقہ ادارے اپنے پلانز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پلانز صرف کاغذوں پر نہیں بننے چاہیے ان پر ان گراونڈ عملدرآمد بھی ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بس اڈوں میں مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔

مزید پڑھیں:  بینچ پٔر تحفظات، بیرسٹر علی ظفر نے سماعت کابائیکاٹ کر دیا