شاہ محمود قریشی پر فرد جرم

9 مئی واقعات، شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد

9 مئی واقعات کے حوالے سے تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
ویب ڈیسک: 9 مئی واقعات کے حوالے سے انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سماعت کی۔ اس دوران رہنما تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے سانحہ 9 مئی کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کر دی گئی جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی۔
شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کیا گیا تھا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھِی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر خارجہ پر 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاؤ گھیراو سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔ اس لئے انہیں پیشی کی خاطر اڈیالہ جیل راولپنڈی سے کوٹ لکھپت جیل لاہور لایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع،412افراد گرفتار