دہشت گرد عناصر کا خاتمہ

دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا: صدر، وزیراعظم

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بنوں چھائونی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے حملے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر کرتی ہے، ملک سے دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنائیں گے ۔
صدر مملکت نے شہدا کے بلند درجات اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کیخلاف پاک فوج اوردیگر سکیورٹی فورسزکی قربانیاں لازوال ہیں۔
وزیراعظم نے پاک فوج اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 10دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسزکی کارکردگی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں شہید ہونیوالے سکیورٹی فورسز کے بہادر اورجری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے حملے مییں شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں، فرنٹیئرکانسٹیبلری کے لانس نائیک کے بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

مزید پڑھیں:  پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں، بلاول بھٹو