امام حسین کی شہادت

امام حسین کی شہادت باطل کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے: وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف نے یوم عاشور پراپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین کی شہادت ہمیں باطل اورظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے ۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، اس دن نواسہ رسولۖ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کر حق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا۔
انہوں نے کہاکہ کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہو نے یہ ثابت کردیا کہ حق لازوال اور باطل مٹنے کیلئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے پیغام کا کہنا تھا کہ امام حسین کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات و استقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے۔
آج کا دن اس عزم کا اعادہ ہے کہ امت مسلمہ کو ہمیشہ حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہے۔
فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کیلئے بے پناہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں، فلسطینی قبلہ اول بیت المقدس کی حفاظت اپنے حقوق اور آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی انتہائی جابر اور غاصب قوتوں کے مظالم سہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اس مشکل وقت میں ضروری ہے کہ ہم صبر، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یزیدیت درحقیقت ایک سوچ کا نام ہے جس کا مقصد ظلم و جبر کا نظام قائم کرنا ہے، آج کے دِن ہمیں تجزیہ کرنا چاہیے کون سے عناصر خود غرضانہ مفادات کیلئے اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں فروعی، مسلکی، لسانی اختلافات کو بھلانا ہوگا اور ایثار و قربانی، رواداری، اتحاد اور نظم و ضبط جیسے اعلی اوصاف کو فروغ دینا ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئیے، حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی قربانیوں سے درس حاصل کریں، آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسین کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید پڑھیں:  ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کے حامی نہیں، بائیڈن