کوٹہ سسٹم کیخلاف طلبہ کا احتجاج

بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کیخلاف طلبہ کا احتجاج شدید، فوج طلب

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کیخلاف طلبہ کا احتجاج شدت اختیار کرگیا۔ حکومت نے احتجاج سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں کرفیو نافذ کر کے فوج طلب کر لی۔
وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کرفیو لگانے اور فوج طلب کرنے کے حوالے سے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کیخلاف طلبہ کا احتجاج روکنے کیلئے ملک میں کرفیو نافذ کرنے اور فوج طلب کرنے کا فیصلہ سول انتظامیہ کی مدد کے لیے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں سرکاری نوکریوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ نے مظاہروں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، اس احتجاجی مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعے کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں کم و بیش 75 افراد ہلاک ہوئے جبکہ صرف ڈھاکہ شہر میں 52 افراد کی ہلاکتیں نوٹ کی گئیں۔ رواں ہفتے اب تک کم از کم 105 زندگیاں احتجاج کی بھینٹ چڑھ گئی ہیں۔
طلبہ کا مطالبہ ہے کہ سرکاری نوکریاں میرٹ پر دی جائیں اور صرف 6 فیصد کوٹہ جو اقلیتوں اور معذور افراد کے لیےمختص ہے اسے برقرار رکھا جائے۔
بنگلہ دیش میں سرکاری نوکریوں میں کوٹہ سسٹم 2018 میں ختم کردیا گیا تھا جس کے بعد ملک میں اسی طرح کے مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:  ڈیپوٹیشن پر خیبرپختونخوا آئے ملازمین کا واپس جانے سے انکار