اسامہ بن لادن کے گرفتار ساتھی

اسامہ بن لادن کے گرفتار ساتھی سے تفتیش جاری، اہم انکشافات کا امکان

ویب ڈیسک: اسامہ بن لادن کے گرفتار ساتھی سے سی ٹی ڈی کی تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جس میں اہم انکشافات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب کی گرفتار القاعدہ کے انتہائی مطلوب دہشتگرد امین الحق مشرقی سے تفتیش کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
دوران تفتیش معلومات کے مطابق اسامہ بن لادن کے گرفتار ساتھی امین الحق افغان شہری ہیں۔ اس کے پاس موجود شناختی کارڈ کی کاپی پر 2020 کی تاریخ درج ہے جبکہ اس کے پاس پاکستان کا قومی شناختی کارڈ بھی ہے جس کے اجرا کے حوالے سے الگ سے تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق امین الحق نے تفتیشی حکام کے سامنے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن سے 15 نومبر 2001 کو آخری ملاقات ہوئی تھی۔
سی ٹی ڈی پنجاب نے امین الحق مشرقی کو جمعرات کو گرفتار کیا تھا۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشتگرد 2007 میں پہلے بھی گرفتار ہوا تھا اور 4 سال سزا بھی کاٹی تھی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ملک کی ایجنسی کی جانب سے بہت پروپیگنڈا کیا گیا تھا، پھر اس کے بعد یہ دہشتگرد اگست 2021 سے افغانستان میں دکھائی دیا اور اب پاکستان داخل ہوا۔
ڈی آئِی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ اس سطح کا دہشتگرد پاکستان میں کیا کر رہا تھا اس حوالے سے تفتیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشتگرد کے پاس پاکستان کا آئی ڈی کارڈ بھی ہے جس پر لاہور اور ہری پور کے ایڈریس درج ہیں۔

مزید پڑھیں:  بیرسٹر گوہر سمیت 20وکلا ء کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج