دہشت گردی کو ختم

دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین اور سبز ہلالی پرچم کو تسلیم کرنے والوں سے بات چیت کے راستے کھلے ہیںمگر ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند دنوں میں دہشتگردی کے اندوہناک واقعات ہوئے، حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں50سے زائد شہری اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بلوچستان میں دہشتگردی کا مقصد ملک میں خلفشار پیدا کرنا ہے، دہشتگردوں نے بس سے اتار کر معصوم لوگوں کو شہید کیا۔
و زیراعظم نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، کرک میں بھی بے گناہ لوگوں کو شہید کیا گیا، فتنہ الخوارج کے دہشتگرد افغانستان سے آپریٹ کرتے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف موثر آپریشن بھی ہوئے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگرد پاکستان کی ترقی اور سی پیک کے منصوبے روکنا چاہتے ہیں، دہشتگرد پاکستان اور چین کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں، اب دہشتگردی کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان کو تمام وسائل مہیا کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے دشمنوں کو پہنچاننا ہوگا، پاکستان کے آئین اور جھنڈے کو تسلیم کرنے والوں سے بات چیت کے راستے کھلے ہیں، دشمن کے ساتھ نہ بات چیت ہو سکتی ہے نہ ہی نرم رویہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کابینہ اراکین سے گفتگو میں کہا کہ میں بہت جلد بلوچستان کا دورہ کروں گا اور وہاں کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔

مزید پڑھیں:  سوات میں موٹر کار حادثے کا شکار ،5افراد شدید زخمی