ملک دشمنوں کو مقام عبرت

ملک دشمنوں کو مقام عبرت بنائیں گے ، وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگرد اورخارجی عناصر مل کر بلوچستان میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں،ملک دشمنوں کو مقام عبرت بنائیں گے ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان میں جوکچھ ہوا وہ دہشتگردی کی انتہا تھی، جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،دہشتگردوں کو باہر سے مدد مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26تاریخ کو ایسا ماحول پیدا کیا گیا جیسے بلوچستان میں علیحدگی کی تحریک چل رہی ہے، بلوچستان کے لوگ محبت وطن ہیں وہ چاہتے ہیں ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن مخالفوں کے ساتھ بات چیت کا سوال پیدا نہیں ہوتا، بعض سیاسی زعماء نے کہا نوجوانوں کو مختلف بیانیوں کے ذریعے بھٹکایا جا رہا ہے، نوجوانوں کو ورغلانے والوں کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کل کوئٹہ کے دورے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا، شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی، شہدا کے ورثا بہت حوصلے میں تھے، کورکمانڈر کوئٹہ نے صوبے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرفراز بگٹی کی حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، پاکستان آرمی کے افسر اور جوان دن رات دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں، پاک آرمی کے افسران اور جوانوں کو وفاقی اور صوبائی گورنمنٹ کی پوری سپورٹ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دشمن پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنا چاہتے ہیں، چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے بلوچستان بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
انہوں نے کہ کہ دورہ کوئٹہ کے دوران یہ بات ڈنکے کی چوٹ پر پوچھی کہ کیا چین پاکستان کا دوست ہے یا نہیں، سب نے کہا چین پاکستان کا دوست ہے، دہشتگرد سی پیک کو عوام کی ترقی کیلئے پروموٹ نہیں کرنا چاہتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جلد وزیراعلی بلوچستان سے میٹنگ کروں گا، وفاقی حکومت جو کچھ کر سکتی ہے وہ کریں گے، ایک بات طے ہے دشمنان پاکستان کو مل کر مقام عبرت بنائیں گے،انشااللہ جلد پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہوگا اور معاشی طاقت بنے گا۔

مزید پڑھیں:  7ارب ڈالرزکابیل آؤٹ پیکج:آئی ایم ایف کی کڑی شرائط سامنے آگئیں