ایم کیو ایم وفد کی ملاقات

وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات،مطالبات سامنے رکھ دیئے

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی اور ن لیگ سے ہونے والے معاہدے، مطالبات سامنے رکھ دیئے ۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے اعلی سطحی وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ایم ایم کیو وفد کی جانب سے ماضی میں مسلم لیگ ن کے ساتھ ہونے والے معاہدے، مطالبات اور عوام مسائل وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھے گئے۔
ملاقات میں ایم کیو ایم نے بجلی کے نرخوں میں کمی کا مطالبہ دہرایا اور کراچی حیدر آباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کیلئے ڈیولپمنٹ پیکجز پر عملدرآمد کے طریقہ کار کا معاملہ بھی اجاگر کیا۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کے مطالبات پر تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ساتھ ہی ایم کیو ایم کے اب تک لاپتہ سیاسی کارکنان کی بازیابی کیلئے کوششیں تیز کرنے کیلئے وزیراعظم سے درخواست کی۔
وزیر اعظم پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کو وفاقی حکومت کا اہم اتحادی قرار دیتے ہوئے ان کے مطالبات کو پورا کرنے اور درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو یہ بھی یقین دلایا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو ریلیف دینے، کراچی اور سندھ کے دیگر شہری علاقوں کے مسائل کے دیرپا حل کے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم پاکستان کے لاپتہ سیاسی کارکنان کی بازیابی کیلئے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  حسن نصراللہ کی شہادت سے عدم استحکام مزید بڑھے گا: پاکستان