آئینی ترمیم پر متفقہ فیصلہ

مولانا فضل الرحمن کی کوشش ہے آئینی ترمیم پر متفقہ فیصلہ ہو، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کافی چیزوں پر راضی ہیں ان کی کوشش ہے کہ آئینی ترمیم پر متفقہ فیصلہ ہو ۔
اپنے بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم کم از کم اکثریتی اتفاق رائے لے کر آئیں، ہم 2006 سے میثاق جمہوریت کو مکمل کرنے کے انتظار میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں اٹھاریں ترمیم کی طرح مجوزہ آئینی ترامیم پربھی اتفاق رائے ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ دو دن پہلے کمیٹی بنائی گئی، اس وقت اسمبلی کا ماحول خراب تھا، ہم نے اسمبلی کا ماحول بہتربنانے کی کوشش کی،ایک سیاسی جماعت کے قائد نے عدلیہ اور آرمی چیف پر حملہ کیا، وہ آج تک اپنے اس بیان سے پیچھے نہیں ہٹے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جنہوں نے اس ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی ان سے کیا امید رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم ایوان میں پیش نہیں ہوسکیں، قومی اسمبلی، سینیٹ اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔
اس سے قبل اتوار کو پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین خورشید شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق