آئینی ترامیم موخر

حکومتی رابطے اور جوڑ توڑ ناکام،آئینی ترامیم غیرمعینہ مدت تک موخر

ویب ڈیسک: حکومتی وفود کی رات گئے رابطے اور جوڑ توڑ کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد آئینی ترامیم غیر معینہ مدت کے لئے موخر کردی گئیں جس کی تصدیق عرفان صدیقی نے کردی ہے ۔
پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ آئینی ترامیم آنے میں ہفتہ دس دن بھی لگ سکتے ہیں، آج قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے ترمیم منظور نہ ہونا حکومت کی ناکامی نہیں، ہمارے نمبرز پورے ہیں۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ترامیم منظور ہوجائیں گی، مجھے اس میں کوئی بڑا رخنہ نظر نہیں آتا اور اگر ترامیم نہیں بھی آئیں تو کوئی قیامت نہیں آ جائے گی۔
عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے مسئلہ نمبر گیم کا نہیں ہے بلکہ مسودے میں کچھ نکات پر اتفاق کا ہے جو کہ ہر فریق کا حق ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسودہ کبھی بھی سامنے نہیں آتا بلکہ پہلے یہ ایوان میں پیش ہوتا ہے۔
لیگی رہنما نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے وقت مانگا ہے، مولانا بہت ساری چیزوں پر مطمئن تھے، ترامیم پر بھی اتفاق ہے مگر بعض جزیات کی تفصیل کے مطالعے کے لیے وقت درکار ہے۔
واضح رہے کل ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں آئینی ترامیم کو مسودہ پیش کیا جانا تھا مگر رات گئے تک حکومت کو ترامیم کی منظوری کے لیے مطلوبہ اکثریت نہ ملنے پر اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس ملتوی کئے تھے ۔

مزید پڑھیں:  عبدالحفیظ شیخ کو کرپشن ریفرنس میں بڑا ریلیف مل گیا