عید میلادالنبیۖ

عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کل منائی جائے گی

ویب ڈیسک: ملک بھر میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کل 12ربیع الاول بروز منگل کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی ، حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ۔
آمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے
دن کی مناسبت سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے۔
سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔
آمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکا سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے۔
جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
علما کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی کی مرکزی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس