پاکستان میں کسی کو کارروائی کی اجازت

پاکستان میں کسی کو کارروائی کی اجازت نہیں دیں گے ،افغانستان

ویب ڈیسک: پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور نے کہا ہے کہ افغان حکومت کسی کوپاکستان میں جاکر کارروائی کی اجازت نہیں دے گی ۔
پاکستان میں تعینات افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان حکومت پاکستان میں بدامنی کی خواہاں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امیرالممنین کا حکم ہے اگر کوئی خلاف ورزی کرتے پایا گیا تو کارروائی ہوگی،ہم نے سب کو سختی سے منع کر رکھا ہے کہ پاکستان سمیت کسی ملک میں کوئی کارروائی نہ کی جائے۔
افغان ناظم الامور نے مزید بتایا کہ فی الحال پاکستان کے ٹی ٹی پی کے ساتھ ہمارے توسط سے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
سردار احمد شکیب نے کہا کہ افغان قونصل جنرل پشاور تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے آئے تھے۔
ناظم الامور نے کہا کہ قونصل جنرل سے بات ہوئی، انہوں نے بتایا کہ سیرت النبی کانفرنس میں شرکت کے لیے گئے تھے، انہوں نے بتایا کہ مقصد کبھی بھی توہین نہیں تھا، وہ موسیقی کی وجہ سے کھڑے نہیں ہوئے۔
افغان ناظم الامور کا کہنا تھاکہ پاکستان کی طرف سے دیا گیا مراسلہ اپنے مرکز کابل ارسال کردیا ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ گہرے قریبی تعلقات رکھیں۔
سردار شکیب احمد نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین کی طرف سے مذاکرات کے لیے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا، وزیراعلیٰ کے پی کے مذاکرات کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
سردار احمد شکیب کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امارات اسلامی پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کی حامی ہے، دونوں ملکوں کو معیشت و تجارت ایک دوسرے کے قریب لاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک ماہ سے پشاور طورخم راستہ بند کردیا گیا ہے، راستہ بند ہونے سے افغان فروٹ اور سبزی کی تجارت کو بھاری نقصان ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:  سپیکرخیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کا نام پی این آئی ایل سے خارج