خیبر پختونخو ا میں گورنر راج کی تردید

وزیراعظم اورگورنرفیصل کنڈی کی ملاقات،خیبر پختونخو ا میں گورنر راج کی تردید

ویب ڈیسک:وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر فیصل کریم کنڈی نے اہم ملاقات کی ہے جبکہ حکومتی ذرائع نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے کی تردید کرتے ہوئے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو من گھڑت قرار دے دیا ۔
گورنر نے وزیراعظم کو خیبرپختونخوا کے معاملات میں دلچسپی لینے کی درخواست کی اور موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے مختلف آپشنز دیے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم پی اے احمد کنڈی، وزیر داخلہ محسن نقوی، احسن اقبال، احد چیمہ بھی موجود رہے۔
ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں کے پی کے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کے معاملے میں وفاقی حکومت کی غیرسنجیدگی پر شکوہ کیا۔
ذرائع کے مطابق گورنر نے شکوہ کیا کہ خیبرپختونخوا کو تحریک انصاف کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل کریم کنڈی کا کہناتھاکہ ہمیں سپورٹ دیں، ہم تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت پر چڑھائی کیلئے کروڑوں روپے کا سازو سامان خریدا۔
ذرائع کے مطابق گورنر نے وزیراعظم کو اگلے ہفتے خیبرپختونخوا کے دورے کی دعوت دے دی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو اسلام آباد میں ہی رہنے کی ہدایت کر دی ہے ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف سے گورنرخیبرپختونخوا فیصل کنڈی کی اہم ملاقات کے بعد خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگانے سے متعلق باز گشت شروع ہوئی تھی ۔
افواہوں کے بعد حکومتی ذرائع نے وضاحت کی کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی باتیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کو ہر اشتعال انگیزی کے نتائج بھگتنا ہوں گے، ایرانی مندوب