تاحال ہدایات نہیں ملیں

15اکتوبرکا احتجاج : پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے عہدیداروں کو تاحال ہدایات نہیں ملیں

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے 15اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کے حوالے سے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی عہدیداروں اور کارکنوں کو تاحال ہدایات نہیں ملیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی ورکرز مسلسل احتجاج کرنے کے باعث تھکاوٹ کا بھی شکار ہیں، کم وقت میں احتجاج کیلئے پارٹی ورکرز کو اکٹھاکرنا مشکل کام ہے جبکہ گزشتہ احتجاج کے دوران شیلنگ کے باعث متعدد پارٹی ورکرز بیمار بھی ہیں۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے کا انتظار کیا جارہا ہے، پارٹی کے درجنوں ورکرز کو گرفتار کیاگیا ہے جن کی ضمانتیں نہیں ہوئیں۔
اس حوالے سے ریجنل صدر پی ٹی آئی ارباب عاصم کا کہنا تھاکہ جیسے ہی حکم ملا تو احتجاج کی تیاری مکمل کرلی جائے گی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادو، 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے تاہم حکمران جماعت ن لیگ نے پی ٹی آئی کا مطالبہ مسترد کردیا۔
ادھر شنگھائی کانفرنس کے موقع پر ڈی چوک میں احتجاج پر تحریک انصاف کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ گئیں۔

مزید پڑھیں:  جعلی حکومت کی پی ٹی آئی احتجاج سے کانپیں ٹانگ رہی ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف