آئینی پیکیج پرمسلسل جھوٹ

حکومت آئینی پیکیج پرمسلسل جھوٹ بول رہی ہے، اسد قیصر

ویب ڈیسک: سابق سپیکرقومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت آئینی پیکیج پر مسلسل جھوٹ بول رہی ہے،ہم مسلسل اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ابھی تک اصل آئینی مسودے کو چھپایا گیا ہے،ہمیں اطلاع ملی ہے کہ ان کا جو پرانا مسودہ تھا، وہی برقرار ہے۔
سابق سپیکر کا کہنا تھا کہ آئینی مسودے میں یہ آئینی عدالتوں کے علاوہ ملٹری کورٹ کی بات کر رہے ہیں، یہ بنیادی انسانی حقوق کو کم کرنے کے لیے آئینی ترمیم پر کام کر رہے ہیں۔
رہنماء پی ٹی آئی نے کہا کہ اپوزیشن کے ممبران کو ایک ارب سے بھی زیادہ کی آفرز آرہی ہیں، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، پاکستان کے عوام سے کہتا ہوں کہ آپ ہمیشہ اپنے حق کے لیے اٹھے ہیں، بانی پی ٹی آئی اگر آج جیل میں ہیں تو آپ کی حقیقی آزادی کے لیے جیل میں ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ کیا عوام اس ظلم و جبر کے ذریعے پیش ہونے والی قانون سازی کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے، تحریک انصاف تو اس ظلم و جبر کے خلاف کھڑی ہے، ہم مسلسل اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ دوست ممالک اور اپوزیشن کی دیگر پارٹیوں کے کہنے پر ہم نے احتجاج موخر کیا، مگرختم نہیں ہوا، ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کے لیے لڑیں گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خاص طور پر اپنے وکلا برادری سے کہتا ہوں کہ وہ باہر نکلیں، ابھی وقت ہے، ہمیں مشترکہ جدوجہد کرنی ہے۔

مزید پڑھیں:  بنوں میں پولیس لائنز پر حملہ ،4پولیس اہلکار شہید،5دہشت گرد ہلاک