shah mahmood 1

روسی وزیرخارجہ کا دورہ پاکستان ،دوطرفہ تعلقات کےفروغ کےحوالے سےانتہائی اہم دورہ ہے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک (اسلام آباد)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہناہے کہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لیوروف آج پاکستان آرہے ہیں،یہ کسی بھی روسی وزیر خارجہ کا 9 سال بعد پاکستان کا دورہ ہے ،یہ دورہ روس کے ساتھ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو نیا رخ دینے کا عکاس ہے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہاہے کہ روس کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہو گی ،روسی وزیر خارجہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ روسی وزیرخارجہ سے دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بات چیت ہو گی ، آٹا بحران میں روس نے ہمیں گندم فراہم کی ،پاکستان اور روس ملکر افغان امن عمل میں کردار ادا کررہے ہیں ۔

مزید پڑھیں:  ڈالر مزید مہنگا، 278 روپے 45 پیسے کی سطح پرٹریڈ کرنے لگا

ان کاکہناتھا کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آرہی ہے ،ہم ایک دوسرے کے ساتھ خطے میں تعاون کا ارادہ رکھتے ہیں ،ہم دیکھ رہے ہیں ہمارے معاشی دفاعی تعلقات کیسے آگے بڑھ رہے ہیں ،نارتھ ساﺅتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو ہم دونوں آگے بڑھاناچاہتے ہیں ،اس بات سے کسی کواختلاف نہیں کہ روس خطے کاانتہائی اہم ملک ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 18 مارچ کو ماسکو میں ایک سہ فریقی اجلاس ہوا جس میں پاکستان نے شرکت کی ،دشنبے میں میری ایمبیسڈر ضمیر کابلوف کے ساتھ ملاقات ہوئی ایمبیسڈر ضمیر کابلوف کے ساتھ افغان امن عمل میں ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کی میزبانی مل گئی

انہوں نے کہا کہ روس کے وزیر خارجہ دہلی سے ہو کر آ رہے ہیں ہندوستان کے ساتھ روس کے دیرینہ تعلقات ہیں،روس بھارت کو افغانستان میں قیام امن کیلئے مثبت کردار ادا کرنے پر آمادہ کر سکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا مجھے خوشی ہے کہ روسی وزیر خارجہ پاکستان تشریف لا رہے ہیں میں ان کے خیر مقدم کیلئے خود ائرپورٹ جاؤں گا،میرے نزدیک روسی وزیر خارجہ کا دورہ ء پاکستان ،دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے انتہائی اہم دورہ ہے۔