سلیمان شہباز بری

سلیمان شہباز سمیت تمام ملزم منی لانڈرنگ کیس میں بری

ویب ڈیسک: سپیشل کورٹ سینٹرل لاہور نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز سمیت تمام ملزموں کو منی لانڈرنگ کیس میں بری کر دیا ہے۔ سلیمان شہباز سمیت دیگر ملزموں کی بریت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جج بخت فخر بہزاد نے سوال کیا کہ منی لانڈرنگ کی انکوائری کس نے کی تھی؟ ایف آئی اے کے وکیل نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے انکوائری کی تھی، سربراہی ڈاکٹر رضوان نے کی تھی۔ جج بخت فخر بہزاد نے پوچھا کہ ایف آئی اے نے پوری تفتیش میں کسی ایک گواہ کا بیان بھی لکھا ہے۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر عدالت کے سوال پر خاموش ہو گئے۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو انکوائری اور انویسٹیگیشن میں اپنا موقف تبدیل کرتے رہے ان کے خلاف کیا کارروائی کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ جج نے سوال کیا کہ ایف آئی اے کے 7 والیوم میں کوئی ثبوت ہے؟ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مجھے سیدھا سیدھا بتائیں کہانیاں نہ کریں، میں نے سب پڑھ لیا ہے، میں سب ایف آئی اے والوں کو ابھی جیل بھیج دوں گا یہ بات یاد رکھیں، مجھے جواب چاہیے کہ چالان کے ساتھ جرم کا کیا ثبوت تھا۔

مزید پڑھیں:  لاہور: پی ٹی آئی جلسہ رکوانے کی درخواست مسترد، ناقابل سماعت قرار