ریڈیو پاکستان پشاور

ریڈیو پاکستان پشاور اور چاغی سٹوڈیو کی بحالی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سانحہ 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پشاور کی جلائی گئی عمارت اور چاغی سٹوڈیو کی بحالی اور تزئین کے منصوبے کا آغاز کرنے سمیت ریڈیو پاکستان کی عمارت میں سینما کے قیام کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ریڈیو پاکستان آمد پر سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان، ڈی جی ریڈیو پاکستان طاہر حسن، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ملازمین نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر 9 مئی کو جلائے گئے ریڈیو پاکستان اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان پشاور بیورو کی عمارت اور چاغی اسٹوڈیو کی بحالی اور تزئین کے کام کا آغاز کیا اور ریڈیو پاکستان کے اندر سینما قائم کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان اور ڈی جی ریڈیو پاکستان طاہر حسین کو علاقائی ثقافت اور ورثہ کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت کی تاکہ آنے والے وقتوں میں کوئی سانحہ اس قسم کے تاریخی آرکائیوز کو نقصان نہ پہنچا سکے۔

مزید پڑھیں:  قبائلی اضلاع کے مسائل حل کرنے کیلئے جرگے بلا رہے ہیں، گنڈاپور