لوبیا بھی 500 روپے کلو

سبزیاں اور دالیں مزید مہنگی، لوبیا بھی 500 روپے کلو ہوگیا

ویب ڈیسک: بھنڈی اور کریلا کے علاوہ پشاور میں ایک بھی سبزی 100 روپے فی کلو سے کم دستیاب نہیں جبکہ دالوں کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے گھریلو اخراجات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ہوٹلز وغیرہ میں کھانا کھانے والے صارفین کیلئے بھی ریٹ مہنگا ہوگیا ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس بارے میں کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے۔ سبزی مارکیٹ میں سبز دھنیا بھی 25 روپے کا ہوگیا ہے، ٹینڈا کی قیمت سو روپے کلو، ٹماٹر 130 روپے کلو، اول درجہ کا آلو 150 روپے کلو، دوسرے درجے کا آلو 120 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ مٹر 400 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔
شہریوں کے مطابق جو سبزی تین سے چار سو روپے کی تھی وہ سودا اب ایک ہزار روپے سے مہنگا ہے جس کے نتیجے میں خریداری مشکل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب تاریخ میں پہلی مرتبہ دال ماش اور لوبیا کی قیمت بھی 500 روپے کلو سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد بازاروں میں ہوٹلز مالکان اور لوبیا فروخت کرنے والے دکانداروں نے اپنا ریٹ بڑھا دیا ہے۔ ایک روٹی کے ساتھ لوبیا ستر سے 80 روپے پلیٹ ہو گیا ہے اور دال ماش کی ایک پلیٹ کی قیمت 120 روپے ہے۔ بعض ہوٹلز میں 150 روپے بھی چارج کئے جارہے ہیں۔
مارکیٹ میں دال ماش کی مختلف اقسام کی قیمت 480 روپے کلو سے 520 روپے کلو تک فروخت ہورہی ہے جس میں ایک مہینے کے دوران 200 رو پے تک اضافہ ہوا ہے اس طرح لوبیا 420 روپے سے 500 روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  مہمند میں پولیو کیس، ڈی ایچ او اور پولیو کوآرڈینیٹر معطل