غیرقانونی افغان باشندوں کو نکالنے کیلئے پشاور میں گرینڈ آپریشن کافیصلہ

ویب ڈیسک:پشاور سے غیرقانونی افغان باشندوں کو نکالنے کیلئے بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اجلاس میں حکمت طے کر لی۔ گزشتہ روز ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی اور ڈپٹی کمشنر پشاور فہد وزیر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز ، اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی پالیسی کے مطابق غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی انخلاء کیلئے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے ڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں ایس ڈی پی اوز ، اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ایچ اوز کے ہمراہ نفری پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ میٹنگ میں ضلعی انتظامیہ اور پشاور پولیس کی مشترکہ کوارڈی نیشن کیساتھ کام کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تشکیل شدہ ٹیموں کو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی فہرستیں بھی فراہم کی گئیں۔ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر دیئے گئے ٹارگٹ کو پورا کرکے ناصر باغ میں قائم جمعہ خان ہولڈنگ کیمپ میں جمع کریں گے۔ خصوصی ٹیموں کو ہدایات کی گئی کہ انتہائی محتاط رہے اور سروے اور پالیسی کے مطابق پروفیشنل طریقے سے کام کو سرانجام دیا جائے۔ اجلاس میں واضح کیا کہ ایسی کوئی حرکت یا عمل نہیں کرنا چاہیے جو پالیسی کے خلاف ہو۔ ابتدائی طور پر پی او آر اور اے اے سی کارڈز رکھنے والے غیر ملکیوں کو مستثنیٰ قرار دیا گیاہے۔ جعلی POR،ACCکارڈز اور شناختی کارڈرز کی ویریفیکیشن کیلئے ڈویژنل سطح پر خصوصی کیمٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ ہر ایک ڈویژن میں ڈسٹرکٹ ویریفیکیشن کمیٹی جعلی کارڈز چیک کر ے گی۔ شرکاء کو بتایاگیا کہ اب تک دو لاکھ 29ہزارغیر قانونی غیر ملکی رضا کارانہ طور پر پر امن طریقے سے اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی اخبار نے عمران خان کا دوغلاپن بے نقاب کر دیا: مریم اورنگزیب